ہماری قوم کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوان سے وابستہ ہے ، تیمور سلیم جھگڑا

ہماری قوم کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوان سے وابستہ ہے ، تیمور سلیم جھگڑا

 پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ہماری قوم کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اورروشن مستقبل کے لئے نوجوان نسل کو روایتی سوچ کو ترک کرکے نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔تعلیم کو صرف نوکری یا روزگار کے حصول کے لئے نہیں بلکہ زندگی میں اعلیٰ مقام پانے کی سوچ کے ساتھ حاصل کرنا بنیادی مقصد ہونا چاہئے۔آنے والے وقتوں میں تعلیم یافتہ نسل کو ہی اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہوگی ،پاکستان کی تقدیر آپ ہی کے ہاتھوں میں ہے اس لئے آج سے ہی مثبت اور تعمیری سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے 13 ویں کانوکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر ایوب علوی،ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق اوربورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر جسٹس ریٹائرڈ میاں محمد اجمل کے علاوہ فیکلٹی ممبران،طلباء اوران کے والدین بھی تقریب میں شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے ڈگری حاصل کرنے والے طلباء ان کے والدین اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کی زندگی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے دن سے آپ نے مثبت سوچ کے درست سمت کا تعین کرنا ہے۔انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سوچ کو بلند رکھیں،آپ نے اس ملک اور صوبے کی تقدیر کو بدلنا ہے جو آسان کام نہیں لیکن مسمم ارادے اور پختہ عزم کے ساتھ اس کو ممکن بنانا ہے۔انہوں نے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں فاسٹ یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ فاسٹ یونیورسٹی جیسے ادارے معماران قوم کی تیاری میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب سے یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر ایوب علوی،ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق نے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی کے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم نے فارغ التحصیل گریجوٹس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں گولڈ میڈلز اور ڈگریاں بھی تقسیم کیں

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...