ملک کے غیور عوام کو پر فریب نعروں سے دھوکہ نہیں دیا جاسکتا ، سردار علی امین گنڈا پور

ملک کے غیور عوام کو پر فریب نعروں سے دھوکہ نہیں دیا جاسکتا ، سردار علی امین ...

 ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان سردارعلی امین گنڈہ پور نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے روٹی ، کپڑااورمکان کا نعرہ لگایالیکن ایک وعدہ بھی پورانہیں کیا۔ نوازشریف اورزرداری نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ۔ انشاء اللہ اس بجٹ میں عمران خان نے لفٹ کینال پراجیکٹ کے لیے فنڈز دے دیے ہیں اوریہ اس پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔ ملک قیوم حسام کی طرف سے پی ٹی آئی میں شمولیت سے پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں حلقہ PK97ڈیرہ سٹی سے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوارفیصل امین گنڈہ پورکے مدمقابل الیکشن لڑنے والے آزادامیدوارملک قیوم حسام کی طرف سے پی ٹی آئی کے امیدوارکے حق میں دستبردارہونے اورپی ٹی آئی میں اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت شمولیت کے موقع پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرملک قیوم حسام نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔جلسہ میں پی ٹی آئی کے امیدوارصوبائی اسمبلی سردارفیصل امین گنڈہ پور،ملک رمضان حسام سمیت پی ٹی آئی کے عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں موجودتھے ۔ وفاقی وزیرعلی امین خان گنڈہ پور نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے 47دنوں میں دن رات کام کیا ہے ۔انہوں نے کہاہے کہ وہ کشکول نہیں اٹھائیں گے اورقوم کو خود مختارکریں گے ۔ ہماراملک وسائل سے مالامال ہے ۔یارک گرڈ اسٹیشن کے لیے ہماری حکومت نے43کروڑروپے مختص کر دیے ہیں ۔ ڈیرہ اسماعیل خان گرڈ اسٹیشن کے لیے 54کروڑروپے بھی منظورہوچکے ہیں ۔ انشاء اللہ اس سے بجلی کی کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوگا۔ مولانافضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ ہمیں ایک اچھی ٹیم کی ضرورت ہے جوہمیں ملک قیوم حسام کی صورت میں مل گئی ہے ۔ ڈیرہ ائرپورٹ کوسابقہ ادوارکی طرح صرف دیواروں اورنعروں تک محدود نہیں کرناچاہتے ۔ انشاء اللہ ڈیرہ ائرپورٹ کوعملی طورپرانٹرنیشنل ائرپورٹ بنائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...