احتساب کا قانون مکمل کئے بغیر احتسابی عمل جانبدار نہیں ہوسکتا ، سردار حسین بابک

احتساب کا قانون مکمل کئے بغیر احتسابی عمل جانبدار نہیں ہوسکتا ، سردار حسین ...

 پشاور (سٹی رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ احتساب کے نامکمل قانون کو مکمل کئے بغیر احتساب کا عمل شفاف اور غیر جانبدار نہیں ہو سکتا اور ملک میں جاری پکڑ دھکڑ سے غریب عوام کو نہیں بلکہ مخصوص مفادات کو فائدہ ہوگا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام اور احتساب کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ملک کے تمام طبقات کا احتساب ناگزیر ہو چکا ہے جبکہ ملک میں طویل عرصہ سے صرف سیاسی لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں انتقامی سیاست نے ملک کو ہر لحاظ سے کمزور کر دیا ہے جس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑتا ہے ، سردار بابک نے کہا کہ سیاسی انتقام ملک کے مسائل سے توجہ ہٹانے اور ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے کامیاب تجربہ تو ہو سکتا ہے لیکن جب تک غیر جانبدارانہ اور بلا امتیاز احتساب شروع نہیں ہوگا جمہوریت کمزور ہوتی رہے گی اور اس عمل سے اداروں کا اعتماد ختم ہونے کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں اضافہ ہوتا رہے گا اور غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا،انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین کو دبانے،بدنام کرنے اور بعض قوتوں کے مفادات کو تحفظ پہنچانے کیلئے مختلف حربے استعمال کرنے کی بجائے ملک و قوم پر رحم کر کے لوٹی ہوئی رقم کی قومی خزانے میں واپسی کیلئے سنجیدہ ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ عوام اب اس انتظار میں ہیں کہ ملک وقوم کے ہزاروں ارب روپے لوٹنے والوں سے ریکوری کب شروع ہوگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...