تحریک انصاف دوسری ایم کیو ایم بن گئی ہے،منظور حسین وسان

تحریک انصاف دوسری ایم کیو ایم بن گئی ہے،منظور حسین وسان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دوسری ایم کیو ایم بن گئی ہے، جس طرح متحدہ کے ذمہ دار عام آدمی سے الجھتے تھے اب پی ٹی آئی نے بھی اس طرح کی روش اپنائی ہے۔ یہ بات انہوں نے وسان ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اگر گرفتار کرنا ہی تھا تو 14 تاریخ کے بعد کرتے،کیونکہ ضمنی الیکشن ہیں اس سے تاثر خراب ہوگا، عمران خان کو اپنوں نے ایسا الجھایا ہے کہ عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے، منظور وسان نے کہا کہ شہباز شریف کو اس لئے گرفتار کیا گیا ہے کہ ن لیگ ضمنی انتخابات جیت نہ سکے،شہباز شریف کی گرفتاری میاں منشا کے بیان کے برعکس ہے،پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ضمنی الیکشن میں اتحاد سے جمہوریت مضبوط ہوگی،منظور وسان نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اوراس کی پارٹی کو متحدہ قائد نہیں بنناچاہئے، آج عمران خان کی حکومت ہے کل کسی اورکی ہوگی پھرعمران خان کہاں چھپیں گے۔انہوں نے بھینسوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس کی بھینسیں بیچنے کا فائدہ اس لئے نہیں ہوا کے دودھ تو پھر بھی ان کو پیسوں سے باہر سے لینا پڑ رہا ہے،بھنیسوں کی فروخت والی رقم دودھ میں چلی جائے گی فائدہ تو کوئی نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم پر تین صوبوں کے اعتراضات ہیں باقی باشا ڈیم کی حمایت کرتے ہیں،پیپلزپارٹی نے کالاباغ ڈیم پر اس لئے اعتراضات اٹھائے ہیں کہ اس سے نہریں نکالی جائیں گی، بھاشا سے نہیں،سندھ میں بھی ڈیم بنانے کی شدید ضرورت ہے امید ہے چیف جسٹس صاحب اس کے لئے بھی چندہ جمع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صرف سیاستدانوں کا احتساب نہیں ہوگا احتساب سب کا ہونا ہے،سیاستدانوں کو ٹارگٹ کرنے سے ملک کا امیج خراب ہو گا،ہم چاہتے ہیں احتساب سب کا ہو مگر اس میں انتقامی کاروائیاں شامل نہ ہوں، ہم چاہتے ہیں عمران خان اپنی مدت پوری کریں شھید بینظیر بھٹو جمہوریت چاہتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا ہے گیس کی قیمتیں بڑھانا غریب عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی پر کنٹرول کرے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...