گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، حافظ نعیم الرحمن

گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، حافظ نعیم الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سی این جی سیکٹر اور گھریلو سارفین سمیت دیگر شعبوں کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں سے عام آدی شدید متاثر ہو گا اور مہنگائی کا بڑا طوفان آئے گا ۔ نئی حکومت نے عوام پر گیس بم گرا دیا ہے ۔تحریک انصاف کی حکومت کے تبدیلی کے دعوے اور عوام کو ریلیف دینے کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔ سی این جی مالکان کی جانب سے اوگرا کے بڑھائے گئے نرخوں سے زیادہ اپنی مرضی سے اضافہ کر نے کے فیصلے نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے اور سندھ میں سی این جی کی قیمتوں میں 22روپے فی کلو تک اضافہ ہو گیا ہے اور ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر کے عوام پر مزید ظلم ڈھایاہے ۔ اس ساری صورتحال میں غریب آدمی بری طرح پس رہا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کو خوش کر نے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ آئی ایم ایف نے نئی حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو درست قرار دیتے ہوئے روپے کی قدر میں مزید کمی اور شرح سود میں اضافے کی تجویز دی ہے اور موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی نقش قدم پر چل رہی ہے ۔حکومت آئی ایم ایف کی خواہشات کو پورا کر کے ملک کے اندر کونسی تبدیلی لانا چاہتی ہے ۔جب تک ملک کو امریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات نہیں دلائی جائے گی کوئی حقیقی تبدیلی ممکن نہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر عمل در آمد ہوتے ہی عوام مشکل میں پھنس گئے ہیں ۔ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور بسیں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ پبلک ٹرانسپورٹ والوں نے چند ماہ قبل از خود کرایوں میں اضافہ کردیا تھا جس کا کوئی نوٹس نہیں کیا گیا اور اب حالیہ اضافہ عوام کسی صورت برداشت نہیں کر سکیں گے ۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی زد میں تندور اور چھوٹے ہوٹل والے بھی آئیں گے اور غریب عوام اور مزدور برادری کے لیے دو وقت کا کھانا بھی مشکل ہو جائے گا ۔ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے ،سی این جی ، سیمنٹ اور کھاد کے کارخانوں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا سارا بوجھ بالواسطہ عوام پر ہی پڑے گا ۔ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو مد نظر رکھیں اور غریبوں کو ریلیف کے لیے فوری طور پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں ۔