خطے میں امن کیلئے پاکستان اور ہندوستان کے پاس ڈائیلاگ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں:شاہ محمود قریشی

خطے میں امن کیلئے پاکستان اور ہندوستان کے پاس ڈائیلاگ کے علاوہ کوئی راستہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( نیوز رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکہ کے بعد ملتان میں پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے ڈائیلاگ میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے اقوام متحدہ میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات طے تھی مگر انہوں نے وقت سے پہلے راہ فرار اختیار کیا۔ خطے میں امن اور انسانی حقوق کی بحالی کے لئے ہندوستان اور پاکستان کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈائیلاگ 2015سے تعطل کا شکار ہیں۔ لیکن ہماری اب بھی کوشش ہے کہ یہ ڈائیلاگ بحال اور بات چیت کے زریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے غربت ، جہالت اور پانی کا مسئلہ ہمارے لئے اہم ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے پاس ڈیم نہیں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ مزاکرات کے زریعے ہندوستان کو مسائل کے حل کے لئے قائل کریں کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کے کمشنر نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں مکمل تحقیق کے بعد ٹھوس شواہد اقوام متحدہ کے فورم پر پیش کئے گئے ہیں جس میں کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا اعتراف کیا گیا ہے اور اس سے پاکستان کے موقف کو تقویت ملی ہے۔ چنانچہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے خصوصی نشست میں اور اپنے خطاب میں اس رپورٹ کا حوالہ دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس رپورٹ کی روشنی میں اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی چھان بین کے لئے کمیشن قائم کرے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ یقیناًپرانا ہے لیکن میرے اقوام متحدہ کے خطاب کے اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی رپورٹ کے بعد پوری دنیا کے سامنے یہ موقف واضح ہوا ہے اور کشمیر کے پرانے مقدمے کی نوعیت تبدیل ہو ئی ہے اب یہ ثابت ہو گیا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے اور حق خود ارادیت کے مسئلے کو آ ہنی ہاتھوں سے کچلا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اب تک بھارت کشمیر میں مظالم کو پاکستان کا پروپیگنڈہ قرار دیتا تھا لیکن اقوام متحدہ کے نمائندے کی رپورٹ کے بعد اب یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان کا موقف درست ہے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدر آمد کرانے میں موثر ثابت نہیں ہورہا اس بین الاقوامی ادارے میں مزید اصلاحات کی ضرورت ہے اور اگر اس فورم کی شفافیت میں اضافہ ہو گا تو یقیناًبین الاقوامی مسائل حل ہوں گے کیونکہ اس فورم پر صرف کشمیر کا مسئلہ ہی درپیش نہیں بلکہ کئی بین الاقوامی ایشوز جن میں فلسطین بھی شامل ہے پر بحث ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی حکومتوں نے پاکستان میں ڈیم بنانے کی طرف توجہ نہیں دی گذشتہ 17سال سے جاری دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی معیشت تباہ ہوئی ہے اور پاکستان پانی کی قلت کا شکار ہوا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا نقطہ نظر دوٹوک اندازمیں پیش کیا ہے اور پاک امریکہ تعلقات میں تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی اور امریکہ کو باور کرایا کہ دوطرفہ تعلقات ہی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں جب میں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا موقف پیش کیا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے سات دہائیوں سے تعلقات ہیں امریکہ پاکستان کو افغانستا ن کے تنا ظر اور بھارت سے تعلقات کی بنیاد پر نہ دیکھے امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے میں کچھ وقت لگے گا جس کے لئے ہم کوشاں ہیں لیکن امریکہ کا پاکستان کو افغانستان کی نظر اور ہندو ستان کے چشمے سے دیکھنا مناسب نہیں ہے کیونکہ پاکستا ن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قربانیاں دی ہیں میرے دورہ امریکہ کا مقصد نہ تو پاکستان کے لئے پیسے حاصل کرنا تھا اور نہ ہی کوئی امداد حاصل کرنا تھا دورہ امریکہ میں کولیشن فنڈ کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی کولیشن فنڈ امداد نہیں بلکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ری ایمبیرسمنٹ ہے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی جماعتی بنیاد سے بالا تر ہو کر ملک کے مفاد میں ہے یہی وجہ ہے کہ میرے اقوام متحدہ کے خطاب کو تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سراہا ہے انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال سے امریکہ ہمارے خلاف مسلسل نقطہ چینی کر رہا تھا میں نے امریکی وزیر خارجہ سے دو طرفہ بات چیت میں پاکستان کا نقطہ نظر واضح کیا ہم یقیناًآسمان سے تارے توڑ کر نہیں لا سکتے لیکن پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مسلم امہ میں اتفاق رائے نہیں ہے اور امہ تقسیم ہو چکی ہے جس کی بہت سی وجوہات ہیں البتہ اوآئی سی کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے پاکستان کو کامیابی ملی ہے البتہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی ممالک کو پاکستان کے موقف پر لانا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔پاکستان کی خواہش ہے کہ امت مسلمہ میں یکسوئی پیدا کی جائے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کشمیر کے مقدمے کو جلا ملی ہے اور اس حوالے سے ہماری جدوجہد جا ری رہے گی اب مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی ٹیبل پر آنا چاہیئے اور اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل کرائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہو ئے قطار پور بارڈر کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سکھ عبادت کے لئے آسکیں ہم نے نیک نیتی سے پیش کش کی ہے سکھوں کو گرونانک یاترا کی اجازت خیر سگالی جذبے کے تحت دی ہے جس پر آج بھی قائم ہیں انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں اور یہ تعلقات امن کے لئے ہیں ذاتی بزنس کو فروغ دینے کے لئے نہیں ہیں کیونکہ ہمارا ایجنڈا قومی مفاد پر بات کرنا ہے اور یہی ہماری خارجہ پالیسی ہے جب ان سے بھارتی وزیر خارجہ کے مزاکرات نہ کرنے کا سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ بھارتی وزیر خارجہ کی آنکھوں میں نہ تو تانک جھانک کی اور نہ ہی وہ سپنوں میں آتی ہیں جب ان سے امریکی صدر کے سعودی عرب کے بیان پر ردعمل حاصل کرنے کا سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے ہی بہت سے مسائل ہیں ہم کسی کے مسئلے میں نہیں پڑنا چاہتے سعودی عرب اور ایران اپنے معاملات خود حل کریں انہوں نے کہا کہ نیب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جس نے تحقیقات کے بعد شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے نیب اور ہماری عدالتیں غیر جانبدارانہ انداز میں کام کر رہی ہیں شہباز شریف کی گرفتاری میں پی ٹی آئی کا کوئی کردار نہیں ہے اور نہ ہی شہباز شریف کے خلاف کیسز پی ٹی آئی نے بنائے ہیں۔