وزارت داخلہ نے 18انٹرنیشنل این جی اوز کو 60 روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت داخلہ نے 18 انٹرنیشنل این جی اوز کو ساٹھ روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے،جبکہ 72 انٹرنیشنل این جی اوز پر پابندی برقرار ہے۔
اب تک نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے 72 انٹرنیشنل این جی اوز کے کام پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 141 غیر ملکی این جی اوز کو کام جاری رکھنے کا گرین سگنل مل گیا ہے،وزارت داخلہ نے بہتر غیر ملکی این جی اوز کو کاغذات مکمل کرنے کی مہلت دے دی ہے۔ وزارت داخلہ کی دستاویز کے مطابق 68 غیر ملکی این جی اوز نے پاکستان کے قواعد وضوابط تسلیم کرلیے ہیں، غیر ملکی این جی اوز کو وزارت داخلہ کی آڈٹ فرمز سے سالانہ آڈٹ کرانا لازم ہوگا۔ ان تنظیموں نے وزارت داخلہ سے مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط بھی کردیئے۔
دستاویز کے مطابق 66 غیر ملکی این جی اوز کو باقاعدہ کام کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ جبکہ ملک بدری کا شکار ہونے والی 18 تنظیموں میں سے 9 کا تعلق امریکہ، 3 کا برطانیہ، 2 کا ہالینڈ جبکہ آئرلینڈ، ڈنمارک، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کی ایک ایک تنظیم کو پاکستان سے جانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔