پاکستان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا

پاکستان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا
پاکستان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، باقاعدہ درخواست اس سال کے آخر تک کی جائےگی۔

نجی ٹی وی چینل’’جیونیوز‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں وزارت خزانہ کی ٹیم نے اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی ہے، وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام مالی ضروریات کے علاوہ بین الاقومی اداروں میں ملک کی ساکھ بھی بہتر بنائے گا جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزارت خزانہ کی تجاویز سے اتفاق کیا ہے، آئی ایم ایف کو باقاعدہ درخواست اس سال کے آخر تک کی جائےگی جب کہ آئی ایم ایف بھی پاکستان کو مالیاتی پروگرام دینے میں آمادگی کا اظہار کر چکا ہے، حکومت کو اس سال اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 سے 9 ارب ڈالر درکار ہیں تاہم حکومت اس پروگرام کو بیل آؤٹ پیکج کا نام نہیں دینا چاہتی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم آئی ایم ایف سے پروگرام لینے یا نہ لینے کے بارے میں جلد فیصلہ کریں گے۔ادھر لاہور میں پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم اف)  کے پاس جانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم باہر کے ملکوں سے بات کررہے ہیں کہ تھوڑی دیر ہمارے اسٹیٹ بینک میں پیسہ رکھوادیں، ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے پاس بھی جانا پڑے، ابھی دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے پاس کیا آپشنز ہیں، جو اصلاحات ہم لارہے ہیں اس کیلئے تھوڑا وقت درکار ہے۔

مزید : قومی


loading...