پاکستان نے افغانستان پلیٹ میں رکھ کر بھارت کوپیش کیا :مشیر امریکی صدر

پاکستان نے افغانستان پلیٹ میں رکھ کر بھارت کوپیش کیا :مشیر امریکی صدر
پاکستان نے افغانستان پلیٹ میں رکھ کر بھارت کوپیش کیا :مشیر امریکی صدر

  


واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان نے افغانستان کو خود پلیٹ میں رکھ کر بھارت کوپیش کیا ،امریکہ میں تحریک انصاف کی نئی حکومت کو مثبت انداز میں لیا جارہاہے ،دونوں ملکوں کو احساس ہوتا جارہاہے کہ ایک دوسرے کے بغیر گزارہ نہیں،نوازشریف دور میں پاکستان میں وزیر خارجہ نہ ہونے کافائدہ امریکہ میں انڈین لابی نے اٹھایا ۔

جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے ساجد تارڑ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف نہیں تھے اور نہ ہی مسلمانوں کے خلاف ہونا اتنا آسا ن ہے ، بات یہ ہے کہ امریکی میڈیا اور سٹیبلشمنٹ ان کے خلاف ہیں ، بارک اوبامہ کی پالیسیوں کی وجہ سے چائنہ اور روس کے جن بوتل سے باہر نکل آئے ،نوازشریف دور میں پاکستان کا کو ئی وزیر خارجہ نہیں تھاجس کا فائدہ انڈین لابی نے اٹھایا اور امریکہ میں پاکستان کے خلاف جتنا پرو پیگنڈا وہ کر سکتا تھا اس نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی فضاءکے پیش نظر ٹرمپ آگے چل رہے ہیں لیکن اب امریکہ میں اس حوالے سے تبدیلی آرہی ہے اور امریکہ میں یہ سمجھا جا رہاہے کہ پاکستان میں تبدیلی ہورہی ہے ، امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات کے لئے آمادہ کرے ، اس وقت دونوں ملکوں کو یہ احساس ہوتا جارہاہے کہ ایک دوسرے کے بغیر گزارہ نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ چائنہ کا پاکستان اور خطے میں اس قدر اثر و رسوخ اور سی پیک امریکہ کیلئے تشویشناک ہے ۔ اس حوالے سے اب بھی امریکہ کواعتماد میں لیا جا سکتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہورہے ہیں ، سابق امریکی جنرلز اور بیورو کریٹس اس حق میں نہیں تھے کہ پاکستان کی امداد بند کی جائے ۔امریکہ میں پاکستان کی نئی حکومت کو مثبت طور پر لیا جارہا ہے کیونکہ ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے اور وہ تعلیم یافتہ اور نوجوان قیادت کو آگے لیکر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو پلیٹ میں رکھ کر انڈیا کو پیش کردیا ، پچھلے تیس سالوں میں پاکستان کیا سورہا تھا ؟ جب افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ بن رہے تھے اور منصوبے لگ رہے تھے ، اس حوالے سے امریکہ کو الزام نہیں دیا جا سکتا ۔امریکہ میں یہودی لابی بہت مضبوط ہے اور اس کے مضبوط ہونے کی ایک وجہ یہ ہے کہ مسلمان اپنا ووٹ رجسٹر نہیں کراتے اور اگر ووٹ رجسٹر ڈ کرواتے ہیں تو ووٹ نہیں ڈالتے اور دوسری جانب اسرائیل کی غیر مشروط حمایت امریکہ کی خارجہ پالیسی کاحصہ ہے ۔

مزید : قومی


loading...