پاکستا ن کو خوشحال بنا نے کیلئے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کریں،طاہرالقادری

  پاکستا ن کو خوشحال بنا نے کیلئے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کریں،طاہرالقادری

  

لاہور(این این آئی))قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان اور عالم اسلام کی اصل دولت اور طاقت ہیں، پاکستان کو خوشحال اور باوقار ملک بنانے کے لیے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ نوجوانوں پر کی جانیوالی سرمایہ کاری رائیگاں نہیں جائے گی۔ ماضی میں افرادی قوت کے اس نایاب خزانے کو نظر انداز کیا گیااور پاکستان مسائل کی دلدل میں تبدیل ہو گیا، تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے اخلاق سنوارنے پر محنت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قیام کے 25سال مکمل ہونے پر سلور جوبلی کی تقریب کے موقع پر اپنے خصوصی بیان اور پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 25سال قبل جب مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی بنیاد رکھی جارہی تھی تو میں نے یہ حکم دیاتھا کہ کبھی قلم کو ہاتھ سے گرنے نہیں دینا۔اگر ایم ایس ایم سے تعلق رکھنے والے کسی طالبعلم نے گردونواح کے ماحول کااثر لے کر قلم کی جگہ بندوق پکڑنے کی کوشش کی تو اس کا مجھ سے اور تحریک منہاج القرآن سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ میرا حکم تھا کہ علم اور امن کے فروغ کی جدوجہد کے دوران جتنے بھی کٹھن حالات درپیش کیوں نہ آئیں مگر امن،اعتدال پسندی اور قانون کے احترام کا دامن ہاتھ سے کبھی نہیں چھوڑنا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایم ایس ایم کے طلبہ پر یہ فخر ہے کہ گزرے ہوئے 25سال کے کسی ایک بھی دن میرے تک کوئی ایسی شکایت نہیں پہنچی۔ میں دعا گو ہوں کہ ایم ایس ایم کے طلبہ اسی طرح علم اور امن سے محبت کا پرچم سربلند رکھیں۔ایم ایس ایم کی موجودہ قیادت اور 25سال کے عرصہ میں ایم ایس ایم کے لیے خدمات انجام دینے والے سابق صدور سلور جوبلی کے اس موقع پر مبارکباد اور میر ی ڈھیروں دعاؤں کے مستحق ہیں۔

طاہر القادری

مزید :

ملتان صفحہ آخر -