ملک میں چند عناصر کو ریاست مدینہ کی فکر سے اختلاف ہے: پیر نورالحق قادری

ملک میں چند عناصر کو ریاست مدینہ کی فکر سے اختلاف ہے: پیر نورالحق قادری

  

لاہور(این این آئی) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیراعظم عمران خان نے فلاحی ریاست مدینہ کی بات کی ہے،وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اور ناموس رسالتؐ کے حوالے سے مسلمانوں کے جذبات عالمی فورم پر موثر انداز میں پیش کئے ہیں،ملک میں چند عناصر کو ریاست مدینہ کی فکر سے اختلاف ہے، وہ ملک میں انتشار پھیلانا اورامن و امان خراب کرنا چاہتے ہیں انہیں نا کا می ہو گی،علماء اکرام ریاست مدینہ کے خدوخال، اصول و ضوابط کے حوالے سے حکومت کی رہنمائی کریں۔ وہ ہفتہ کی شب مقامی ہوٹل میں محافظان ختم نبوتؐ پاکستان کے زیر اہتمام آٹھویں سالانہ ختم نبوت ؐکانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر علامہ صاحبزادہ محب اللہ نوری ٗ پیر شیخ ثاقب اقبال شامی ٗ حافظ عبدالستار سعیدی سمیت علماء ٗ مشائخ و مذہبی سکالرز و دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ختم نبوت ؐکا موضوع ٗ عقیدہ اور فکر مسلمانوں اور اہل ایمان کی روحوں میں رچی بسی ہےٗ جب تک ایک بھی اہل کلمہ زندہ ہوگا ٗجب تک کلمہ کا ورد ہوگا ختم نبوتؐ پر آنچ نہیں آ سکتی،باقی معاملات میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن سب کا ختم نبوت ؐکے حوالے سے عقیدہ ایک ہےٗ چاہے کسی کا کسی فقہ یا فرقہ سے تعلق ہو لیکن تمام مسالک کا عقیدہ ختم نبوتؐ پر اجماع ہے۔

پیر نورالحق قادری

مزید :

صفحہ آخر -