ڈی جی ایل ڈی اے کا ٹھوکر نیاز بیگ کو خوبصورت بنانے کا کام جلد کرنے کا حکم

  ڈی جی ایل ڈی اے کا ٹھوکر نیاز بیگ کو خوبصورت بنانے کا کام جلد کرنے کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرلاہور کے داخلی راستوں کو خوبصورت بنانے کے منصوبے کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ٹھوکرنیاز بیگ چوک اور اس سے ملحقہ علا قے کی خوبصورتی اور بہتری کا کام جاری ہے - ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے اتوار کو ٹھوکر نیاز بیگ چوک انٹرسیکشن کا دورہ کیا اور اس مقصد کے لئے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ دوسرے شہروں سے یہاں آنے والوں کے لئے لاہور کا خوشگوار تشخص اجاگر کرنے کی خاطر ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے-نہر کنارے دونوں طرف گرین ایریاز قائم کر کے شہریوں کے لئے تفریح گاہ بنائی جائے -علاقے سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ٹریفک مینجمنٹ بہتر کی جائے -اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے بتایا کہ منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر سبزہ لگانے اور شجر کاری کا کام جاری ہے- اس مقصد کے لئے پلانٹرز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان پر آرائشی ٹائلیں لگانے کا کام بھی جاری ہے-علاقے میں سٹریٹ لائٹ کے 40نئے پول نصب کر دئیے گئے ہیں جن پر لائٹیں لگا کر انہیں 15اکتوبر تک روشن کر دیا جائے گا -


ٹھوکر چوک سے رائے ونڈ روڈ کی طر ف سڑک کی ایک جانب ایک ہزار فٹ طویل نئی سیور لائن بچھانے جبکہ دوسری طرف 400میٹر طویل ڈرین کی تعمیر  کا کام مکمل کر لیا گیا ہے-لالہ زار پارک کے اردگرد آرائشی جنگلے لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ جوڈیشل کالونی کی بیرونی دیوار پر رنگ کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے-ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور کے نیچے سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے - فلائی اوور کے دونوں طرف شہریوں کے لئے تفریح گاہ اور گرین ایریاز قائم کرنے‘ لینڈ سکیپنگ اور ہارٹی کلچر کا کام جاری ہے۔کینال روڈ پرنہر کے دونوں ا طراف گرین ایریا کی تعمیر کے لیے زمین ہموار کرنے کا کام جاری ہے۔پیدل چلنے والوں کے لئے کینال روڈ کے ساتھ ساتھ واک ویز کی تعمیر جاری ہے جس کے ساتھ حفاظتی جنگلہ بھی نصب کیا جا رہا ہے۔ آرائشی پھولوں کی پتیاں تعمیر کرنے کا کام جاری ہے۔ٹھوکرنیازبیگ انٹرسیکشن کی خوبصورتی کے لیے مختلف مقامات اراضی  پر لینڈ سکیپنگ اور سبزہ کاری اور فواروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ چیف انجینئر نے بتایا کہ ٹریفک کی رہنمائی کے لئے لیے سائن بورڈز کی تنصیب کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ علاقے میں تقریبا چار کلومیٹر طویل سڑکوں پر اسفالٹ کی کارپٹنگ کر دی گئی ہے۔سڑکوں کے ساتھ ساتھ کرب سٹون لگا کراس پر رنگ و روغن کردیا گیا ہے۔سڑکوں کی لین مارکینگ اور کیٹ آئیز لگانے کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔