جی ایم سوئی ناردرن کے گیس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری

  جی ایم سوئی ناردرن کے گیس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کی ہدایات پر سوئی ناردرن کی گیس چوروں کے خلاف کارروائی مزید تیز۔بند روڈ بتی چوک کے علاقے میں گیس چوری میں ملوث آئس فیکٹری پر چھاپہ مار کر کنکشن معطل کردیا اور ذمہ داران کے خلاف متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کروا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم سوئی ناردرن گیس لاہور شہزاد اقبال لون نے گیس چوری کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لئے تمام ریجنز کو گیس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس سلسلے میں ریجنل منیجر عمران صفدر ورک نے ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی سربراہی میں لاہور ایریا کی یو ایف جی ٹاسک فورس تشکیل دی جس نے بتی چوک کے نزدیکی علاقے میں ایک آئس فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں ڈائریکٹ بائی پاس کے ذریعے گیس چوری کی جارہی تھی۔

فیکٹری میں چوری کی گئی گیس کے ذریعے برف کے بلاک بنانے کے لئے دو گیس انجن چلائے جا رہے تھے۔سوئی ناردرن گیس کی چھاپہ مار ٹیم نے فوری طور پر ڈائریکٹ بائی پاس کو ختم کر کے گیس کی مرکزی پائپ لائن کی مرمت کر دی ہے۔جبکہ ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔ آئس فیکٹری پر چھاپے کے نتیجے میں اندازاً2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی 13.14ایم ایم سی ایف گیس کی چوری پکڑی گئی ہے۔