سری لنکا کی ٹیم نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا،سابق کرکٹرز
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا کی ٹیم نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے دوران کسی بھی موقع پر اس نے یہ تاثر نہیں دیا کہ وہ میچ ہار جائیں گے بلکہ جیت کے جذبہ کے ساتھ وہ جس طرح سے آگے بڑھے اسی وجہ سے میچ میں کامیابی ان کا مقدر بنی ان خیالات کا اظہار سابق کرکٹرز نے کیا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے اس میچ کو بہت آسان لیا جس کی وجہ سے کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور ایک جیتا ہوا میچ پاکستان ہار گیا اور اسوجہ سے کہ اس میچ کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم اس میچ میں جیت کے لئے فیورٹ تھی کیونکہ سری لنکا کے مقابلہ میں پاکستان کی ٹیم مضبوط ہے اور اس وقت رینکنگ میں بھی نمبر ون پر ہے مگر کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داریوں کو نہیں سمجھا جس کی وجہ سے میچ میں شکست ہوئی آج کے میچ میں نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کی ضرورت ہے اور کپتان سرفراز احمد کو بھی آج کے میچ کی اہمیت سمجھنا ہوگی امید ہے کہ پاکستان کی ٹیم آج کامیابی حاصل کرے گی اور سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوجائے گی سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں ہی ناقص کھیل پیش کیا اور اس وجہ سے اسکو شکست ہوئی۔
عمر اکمل اور احمد شہزاد کو بہت عرصہ بعد موقع تھا مگر انہوں نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا آج کے میچ میں ان کو ٹیم میں شامل نہیں کرنا چاہئیے آج کا میچ بہت اہمیت کاحامل ہے اور سری لنکا کی ٹیم کو کسی بھی صورت میں آسان حریف تصور نہیں کرنا چاہئیے وہ ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس نے یہ ثابت بھی کردیا ہے۔