بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے بدستور ہچکچاہٹ کا شکار

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے بدستور ہچکچاہٹ کا شکار

  

کراچی(یوا ین پی)بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے بدستور ہچکچاہٹ کا شکار ہے جس نے واضح کیا ہے کہ تاحال اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم دو ہفتوں میں دورے سے متعلق فیصلہ کرلیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ آفیشل کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ انہوں نے تاحال دورے کے وینیو کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جو آئندہ برس فروری میں شیڈول ہے تاہم توقع ہے کہ آنے والے دو ہفتوں میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اپنی خواتین اور مردوں کی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے قبل حالات کے جائزے کیلئے سیکیورٹی ٹیم بھی بھیجے گا۔بی سی بی کے ڈائریکٹر اکرم خان کا کہنا تھا کہ بورڈ کے صدر کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ سیکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے اور انہوں نے بھی یہی بات اپنے ذہن میں رکھی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا فیصلہ نہیں لہٰذا ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا کہ پاکستان کیخلاف میچز اسی کی سرزمین پر ہوں یا ان کیلئے یو اے ای کا انتخاب کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ غور کر رہے ہیں تاہم کسی فیصلے پر دس سے پندرہ دن میں پہنچ جائیں گے اور بورڈ کے اجلاس میں دورے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا جس کے بعد بی سی بی اور حکومت دونوں جانب سے گرین سگنل سامنے آئے گا۔یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچوں کیلئے رواں ماہ پاکستان آئے گی جبکہ مینز ٹیم کو آئندہ سال فروری میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -