کارپٹ کی تین روزہ عالمی نمائش 15 اکتوبر کو لاہور میں شروع ہو گی

کارپٹ کی تین روزہ عالمی نمائش 15 اکتوبر کو لاہور میں شروع ہو گی

  

لاہور(اے پی پی)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ عالمی نمائش 15سے 17اکتوبر تک لاہور میں منعقد ہوگی جس کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، نمائش میں غیر ملکی خریداروں سمیت ملک بھر سے بھی مقامی افراد کی کثیر تعداد شرکت کرے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر کی زیر صدارت  نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر چیف آرگنائزر اعجاز الرحمان، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، محمد اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں چیف آرگنائز ر اعجاز الرحمان نے نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کہا کہ نمائش میں انتہائی دیدہ زیب اور اعلیٰ معیار کی کارپٹ مصنوعات ڈسپلے کی جائیں گی جس سے بیرون ممالک بھی پاکستانی ہنر مندوں کو ایک نئی پہچان ملے گی۔ نمائش کی کامیابی سے نہ صرف کارپٹ انڈسٹری کو سہارا ملے گا بلکہ پاکستان کا سوفٹ امیج بھی دنیا کے سامنے اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں کو پاکستان میں امن و امان کی بہترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نمائش کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون پر ان کے مشکور ہیں اور امید ہے کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

مزید :

کامرس -