زرعی پیداواربڑھانے کیلئے مشینری کی فراہمی‘درخواستوں کی وصولی 10اکتوبر تک ہوگی

زرعی پیداواربڑھانے کیلئے مشینری کی فراہمی‘درخواستوں کی وصولی 10اکتوبر تک ...

  

لاہور(اے پی پی)پنجاب بھر میں زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے لیزر لینڈ لیولرز کی رعایتی قیمت پر فراہمی بارے حتمی طور پر درخواستیں 10اکتوبرتک وصول کی جائیں گی،قومی منصوبہ برائے اصلاح کھالہ جات پنجاب کے تحت رواں مالی سال میں 1700لیزریونٹس کی فراہمی کیلئے کاشتکاروں /زرعی خدمات فراہم کرنے والوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایگری کلچر (اصلاح آبپاشی)  ملک محمد اکرم نے اے پی پی کوبتایاکہ کاشتکاروں کو فی یونٹ 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ  جن علاقوں میں نہری نظام موجود نہیں  وہاں کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت پنجاب کی فنی و مالی معاونت سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ درخواست دہندہ مقرر کردہ شرائط پر پورا اترتا ہو۔ ڈی جی ایگری کلچر  نے کہا کہ لیزر یونٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست دہندہ کے پاس لیزر لیولرز کو چلانے کیلئے ذاتی ٹریکٹر ہو،مالک کاشت کا خود مزارعہ،پٹہ زاد زرعی گریجوایٹ کے پاس ساڑھے بارہ ایکڑ سے زائد رقبہ نہ ہو اور ترجیحی طور پر زرعی مشینری کی خدمات کرایہ پر دے رہا ہو اوراپنے علاقے میں ہموار زمین بذریعہ لیزر ٹیکنالوجی کی خدمات فراہم کرنے کیلئے متفق ہو،منصوبے کی مدت کے دوران سالانہ 300 ایکڑ زمین کی ہمواری کیلئے خدمات فراہم کرنے کو تیار ہو،ایسے کاشتکار جو پہلے حکومت کی کسی اور سکیم کے تحت لیزر یونٹ حاصل کر چکے ہوں وہ اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ اہل درخواست گزاروں کو الاٹمنٹ ڈی سی کی زیر نگرانی قائم زرعی کمیٹی کرے گی جس کیلئے اگر ضروری ہواتو قرعہ اندازی ہو گی۔ڈ ی جی نے کہا کہ خواہشمند کاشتکار ہر لحاظ سے مکمل درخواست بمعہ متعلقہ دستاویزات ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی) کے دفتر میں مقررہ تاریخ تک جمع کروائیں۔

،مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر (اصلاح آبپاشی)اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کے دفتر سے مقررہ تاریخ تک مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار درخواست فارم ا صلاح آبپاشی کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لاؤڈ کر سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -