وزیر اعظم کے دورہ چین سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا

 وزیر اعظم کے دورہ چین سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
اسلام آباد(کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے چین کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا جبکہ دنیا کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے سی پیک پر کام کی رفتار بڑھ جائے گا۔ وزیر اعظم سات اکتوبر کو اپنے دو روزہ دورے کا آغاز کر رہے ہیں جس کا مرکزی نقطہ سی پیک پر کام کی رفتار بڑھانا ہے جو حکومت کی مالی مشکلات اور بیوروکریسی کی سستی کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ  بیوروکریسی نیب سے خوفزدہ ہے جسکی وجہ ملک بھر کی معیشت کی طرح سی پیک پر بھی کام کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم عمران خان اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے سربراہ مرزا محمد آفریدی کی جانب سے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی او انکے اعتماد کی بحالی کی کوششیں قابل قدر ہیں کیونکہ انکی بے اطمینانی کی وجہ سے معیشت کی افزائش بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے لاکھوں افراد بے روزگار اور بہت سے فیکٹریاں بند ہو گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور ماہرین نے 2020 میں شرح نمو میں تاریخی کمی اور مہنگائی بارہ فیصد پہنچنے کی اندیشہ ظاہر کر دیا ہے۔ اگر حکومت مہنگائی پر قابو نہیں پا سکتی تو کم از کم بنیادی ضروریات کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کر لے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی سے معیشت مزید متاثر ہو گی۔

مزید :

کامرس -