معیشت کو جمود سے نکالنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت‘ راولپنڈی چیمبر

   معیشت کو جمود سے نکالنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت‘ راولپنڈی چیمبر

  

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے کہا ہے کہ معیشت کو جمود سے نکالنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔  ایسے وقت میں جب معیشت جمود کا شکار ہو اور معاشی سرگرمیاں نہ ہو نے کے برابر ہوں۔ ایف بی آر کی جانب سے محصولات کے غیر معمولی اہداف سے کاروبار مزید دباو کا شکا رہو گا۔ ریونیو ٹارگٹ پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔تاجربرادری کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات مفید رہی۔ہمیں قوی امید ہے کہ معاملات درست سمت میں آگے بڑھیں گے۔ وزیراعظم کو نیب کی جانب سے کیسز کے حوالے سے اپنے تحفظات اور تشویش سے بھی آگاہ کیاگیا۔ نیب کے حوالے سے معاملات کو دیکھنے کے لیے چار رکنی کمیٹی کا اعلان خوش آئند ہے۔  اس کے ساتھ ساتھ ڈاکومینٹیشن خاص طور پر شناختی کارڈ کی شرط  کے حوالے سے بھی کافی مثبت پیش رفت ہوئی، حکومت نے مشاورت جاری رکھنے اور ٹائم فریم دینے کے لیے لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔افراط زر میں اضافہ، قرضوں کا بوجھ، برآمدی اہداف، محصولات کا حصول اور بے روزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھنا ہو گا۔ چیمبر میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر صبور ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں موجودہ معاشی صورتحال اور چیلنجز کے حوالے سے تاجربرادری نے اپنا واضح موقف پیش کیا۔وزیر اعظم نے انتہائی توجہ سے تاجروں کے مسائل  اور ان کے حل کے لیے پیش کی جانے والی تجاویز کو سنا اور بتایا کہ ملکی معیشت کو جلد از جلد ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں 

تاکہ مہنگائی پر قابو پا کر لوگوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے ہمیں یقین دلایا کہ ملکی معیشت پر جاری جمود کو ختم کرنے کے لیے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر ہمدردی کے ساتھ غور کیا جائے گا۔

 مجھے وزیراعظم کی باڈی لینگویئج  کافی مثبت لگی۔تاجر برادری معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی حمایت کرتی ہے تاہم کاروبار ی مراکز پر ڈاکومینٹیشن کے نام پر ہراسیت پھیلانے کے خلاف ہے تاجر برادری سمجھتی ہے کہ ایسے واقعات سے پورے ملک کی تاجربرادری میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے۔ غیر ملکی سرمایا کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایا کار بھی اپنا ہاتھ کھینچ لیتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے تاجر برادری کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ تاجر نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی جائے گی۔  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں مشیر کامرس رزاق داود بھی موجود تھے۔ جنھیں ہدایت کی گئی کہ وہ تاجر برادری کے ساتھ مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں راولپنڈی چیمبر کی نمائندگی صدر صبور ملک اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کی تھی اور معاشی چیلنجوں کے حوالے سے واضح موقف وزیراعظم کے سامنے رکھا۔  

مزید :

کامرس -