وزیراعظم کا زرعی خوشحالی منصوبہ، لاہور میں پولٹری یونٹس کی مرحلہ وارتقسیم کل شروع ہو گی 

وزیراعظم کا زرعی خوشحالی منصوبہ، لاہور میں پولٹری یونٹس کی مرحلہ وارتقسیم ...

  

لاہور(اے پی پی)وزیر اعظم کے زرعی خوشحالی منصوبے کے تحت محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب صوبے بھر میں گھریلو مرغبانی کے فروغ کے لیے مرغیوں کی رعایتی قیمت1050روپے فی یونٹ پر تقسیم کا آغازکل (8 اکتوبر) سے مرحلہ وار شروع ہوگا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک محمد زبیرباری نے  اے پی پی کو بتایا کہ اس سلسلے میں لاہور میں رواں سال اکتوبر اور اگلے برس اپریل اور جون تین مرحلوں  میں تقریبا 1800سے 2700 پولٹری یونٹس مرحلہ وار تقسیم کیے جائیں گے، اسی طرح صوبے کے 36 اضلاع میں سالانہ5 لاکھ اور آئندہ 4 سال کے دوران 20 لاکھ مرغیوں کی تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ محمد زبیر باری نے بتایاکہ پولٹری یونٹس چار سے چھ مرحلوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک وصول کردہ تمام درخواستوں کی فہرست مرتب کریگا،پرندوں کی تقسیم بارے معلومات ایک ہفتہ قبل ضلع و تحصیل کی سطح پر محکمہ لائیو سٹاک کے دفاتر میں عوامی آگاہی کیلئے آویزاں کردی جائیں گی،کوئی بھی درخواست گزار جس کے پاس درخواست وصولی کی رسید موجود ہو اپنا نام فہرست میں شامل نہ ہونے پر اس  کی درستگی کیلئے تحصیل کی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹرز یا ضلع کی سطح پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک سے رابطہ کر سکے گا۔ تحصیل کی سطح پر درخواستوں کی تعداد پولٹری یونٹس کی تعداد  زیادہ ہونے کی صورت میں پرندوں کی تقسیم کے مقررہ وقت پر ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کی موجودگی میں قرعہ اندازی عمل میں لائی جائے گی۔ قرعہ اندازی میں درخواست گزاران یا عوام کو موجود رہنے کا حق ہو گا۔ قرعہ اندازی کے نتائج سے تمام کامیاب درخواست گزاران کو بذریعہ ٹیلی فون آگاہی دی جائیگی۔کامیاب درخواست گزاران کی فہرست کو ضلع و تحصیل کی سطح پر محکمہ لائیو سٹاک کے دفاتر میں آویزاں کردیا جائے گا۔

مزید :

کامرس -