مولانا نے ہمیشہ مفادات کی سیاست کی، آزادی مارچ ناکام، حکومت مدت پوری کریگی: فردوس عاشق
لاہور،سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ مفادات کی سیاست کی ہے، قوم ان کی خواہشات کی بھینٹ نہیں چڑھے گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس نے کہا کہ قوم مفاد پرست اور مذہب کا نام استعمال کرنیوالوں کو پہچان چکی ہے، سیاسی بونے مولانا کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہناتھاکہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، وزیر اعظم کا دورہ سی پیک اوردیگر امورپر پیشرفت کیلئے اہم ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی کا کہناتھاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدرسہ اصلاحات بھی لائی گئی ہیں، معاشی محاذ پر ملک مثبت سمت میں آگے بڑ ھ رہا ہے، مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دیا جارہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کو ناکامی ہوگی اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ صحت انصاف کارڈ سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا،حکومت غربت کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیلئے پر عزم ہے،آئندہ ڈیڑھ سال میں 2کروڑ افراد صحت کارڈ سے مستفید ہونگے،سیاسی لٹیروں نے معاشرے میں کرپشن کا وائرس پھیلا کر ملک کو لوٹا، وزیر اعظم عمران خان قوم کو مایوس نہیں کرینگے۔انہوں نے مزید کہاکہ گھروں میں مرغیاں پالنے کیلئے وزیراعظم نے آسان قرضوں کی فراہمی کا پروگرام بنایا ہے۔
فردوس عاشق