مارچ سے روکا گیا تو پورا ملک جام کردینگے، مدارس کو قومی دھارے میں لانیوالے پہلے خود اسلامی بنیں: فضل الرحمن 

    مارچ سے روکا گیا تو پورا ملک جام کردینگے، مدارس کو قومی دھارے میں ...

  

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) مولانا فضل الرحمن نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو پورا ملک جام کرکے رکھ دیں گے،حکومت سے متاثرہ ہر طبقے کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں،حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں،دھاندلی زدہ حکومت کسی صورت قبول نہیں،حکومت نے ہمیں آئینی حق استعمال کرنے سے روکا تو عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس اور بنی گالہ میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اتوار کے روز  پشاور میں صوبہ بھر کے علماء  کے نمائندہ کنونشن سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کی معیشت کی کشتی ہچکولے کھارہی ہے اور نااہل حکمران بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر ملک کو مزید تباہی کی طرف لے جارہی ہے۔ کشمیر کی جنگ ہم لڑ رہے ہیں اور حکمران کشمیر پر سودے بازی کرکے کشمیریوں کا خون بھیج رہی ہے، تقریر پر خوشیاں منانے والے یو ٹرن کے ماہر ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارسِ دینیہ نے ہمیشہ ہر موقع پر جاندار کردار ادا کیا ہے، مدارسِ کو قومی دھارے میں لانے والے خود اسلامی دھاڑے میں آجائیں۔ ہم مدارسِ دینیہ کے دفاع کی جنگ لڑرہے ہیں، ہم مدارسِ کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ زندگی کے تمام طبقات حکمرانوں کے خلاف میدان میں نکل کر اپنے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ 27 اکتوبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے آور پرامن طور پر اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں کے خلاف میدان عمل میں آئیں گے۔ مذہبی کارڈ اور مدارسِ کے حوالے سے پراپیگنڈا کرنے والوں نے اپنے دھرنوں میں معصوم بچوں اور بچیوں کو لا کر قوم کو شرم سے جھکا دیا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین آور اس کی اسلامی شقوں کے تحفظ کی جنگ لڑنا آگر مذہبی کارڈ ہے تو یہ جنگ ہم ضرور لڑیں گے، آزادی مارچ کے لیے ہم نے مختلف پلان تیار کئے ہیں اور حکمت عملی طے کرنے کے بعد موقع پر اعلان کریں گے۔ اگر اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو پورا ملک جام کرکے رکھ دیں گے، گرفتاریوں کی صورت میں تمام تر حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں اپنے آئینی حقوق سے نہ رو کے وگرنہ عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس اور بنی گالہ میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں،معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا گیا ہے جس سے معاشرے ہر شخص متاثر ہوا ہے،مہنگائی اور بے روزگاری نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے،غریبوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے، میں ہر اس شخص اور طبقے کو آزادی مارچ میں دعوت دیتا ہوں جو موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں سے متاثر ہوا ہے،انشاء اللہ ہم حکمرانوں کو ہر صورت گھر بھیجیں گے۔

فضل الرحمن 

مزید :

صفحہ اول -