آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں پھر زلزلے کے جھٹکے، ایک شخص جاں بحق، دو زخمی 

      آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں پھر زلزلے کے جھٹکے، ایک شخص جاں بحق، دو ...

  

میرپور (این این آئی)آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور گردو نواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ آزاد کشمیر اور گردو نواح میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاری ہے، زلزلے کے جھٹکے صبح 10 بج کر 28منٹ پر آئے جن کا دورانیہ دو سے تین سیکنڈ تھا۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلے سے میرپور کے علاقے خالق آباد میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی جب کہ 2 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔میرپور آزاد کشمیر میں 24 ستمبر کے المناک زلزلہ اور آفٹرشاکس سے شہر میں ہزاروں رہائشی اور کمرشل بلڈنگز متاثر ہونے سے ناقابل استعمال ہو گئی ہیں۔میرپور آزاد کشمیر کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ میرپور یاسر ریاض نے ایسی بلڈنگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی، بغیر این او سی بلڈنگ کی مرمت اور استعمال پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور آزاد کشمیر میں بعض بلڈنگز مالکان عمارات کو کرائے پر دینے کے لئے بغیر این او سی کے مرمت کروا رہے ہیں، ایسی عمارتیں مستقبل میں کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آزاد کشمیر اور گردو نواح میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 50 کے قریب افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

آزاد کشمیر زلزلہ

مزید :

صفحہ اول -