وزیراعظم عملی قدم اٹھائین، تقریروں سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا: سراج الحق 

وزیراعظم عملی قدم اٹھائین، تقریروں سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا: سراج الحق 

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم انتظار کر رہی ہے، وزیراعظم کوئی عملی قدم اٹھائیں، تقریروں سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔لاہور میں کشمیر بچاؤ مارچ سے خطاب کے دوران سراج الحق نے اس اہم مقصد کیلئے سڑکوں پر نکلنے پر اہل لاہور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے حوصلہ دیا، لاہور کیساتھ ساتھ پشاور، اسلام آباد اور کراچی کے لوگ بھی ہماری ایک آواز پر باہر نکلے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی محبت میں کٹ رہے ہیں۔ مجھے امید تھی کہ وزیراعظم باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر پر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سفاک مودی کا اگلا ایجنڈا مظفر آباد اور پاکستان ہیں۔ یہ وہی مودی ہے جس نے گجرات میں دو ہزار مسلمانوں کو شہید کیا تھا، یہی وہ پارٹی ہے جس نے بابری مسجد کو جلایا اور شہید کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج میں اپنے ملک کے حکمرانوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کا خاتمہ اچانک تو نہیں ہوا، یہ تو مودی کے الیکشن کمپین اور پارٹی منشور کا حصہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کہتے تھے کہ مودی الیکشن جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا اور یہ مسئلہ صرف مذاکرات سے حل ہوگا، مجھے یہ بتائیں آج تک کون سا ملک ہے جو مذاکرات کی بنیاد پر آزاد ہوا ہے؟ اگر جنگ مسئلے کا حل نہیں تو بتائیں حل ہے کیا؟تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا بیڑاغرق کر دیا گیا ہے، عوام کا وزیراعظم پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ اول -