عبدالغفار عزیز مرحوم

عبدالغفار عزیز مرحوم

  

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور شعبہ خارجی امور کے سربراہ الشیخ عبدالغفار عزیز کینسر کے موذی مرض سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئے۔ مرحوم نے عالم ِ عرب کے انتہائی معیاری تعلیمی اداروں میں تحصیل علم کے مراحل طے کئے،اور عربی میں ایسی استعداد حاصل کر لی، جو  اہل ِ زبان میں سے بھی کم ہی لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔شرعی اور فقہی علوم کے ساتھ ساتھ اسلامی تحریکوں اور عالم ِ اسلام کے مسائل پر بھی اُن کی نظر گہری تھی۔وہ تحریر و تقریر پر یکساں دسترس رکھتے تھے،دُنیا بھر میں مصروفِ جہد اسلامی تحریکات اور شخصیات سے اُن کے گہرے روابط تھے،اُن کے انتقال سے جماعت اسلامی ہی اپنے ایک مخلص کارکن سے محروم نہیں ہوئی، بلکہ پورے عالم ِ اسلام میں اُن کا خلا محسوس کیا گیا ہے۔اگر وہ چاہتے تو کسی بین الاقوامی ادارے سے انتہائی گرانقدر مشاہرہ پر وابستگی اختیار کر سکتے تھے،لیکن انہوں نے جماعت اسلامی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو وقف کر دیا، کفایت اور قناعت سے روز و شب گذارے۔اللہ تعالیٰ اُن کے پسماندگان کو صبر جمیل دے،اور اُن کی قبر کو نور سے بھر دے، اُن کے ساتھیوں کو اُن کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق دے۔آگے بڑھنے والی تحریکوں کو سوچنے والے دماغوں اور دور تک دیکھنے والی نگاہوں کی ضرورت نعرہ بازوں سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

مزید :

رائے -اداریہ -