زمبابوے کے خلاف نوجوانوں کو آزمانے کا یہ بہترین وقت ہے: وقار یونس
لاہور(سپورٹس رپوٹر) پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ کہنا تونہیں چاہیے لیکن حقیقت یہ ہی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم نسبتا کمزور حریف ہے اس کے خلاف نوجوانوں کو آزمانے کا یہ بہترین وقت ہوگا۔لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقاریونس نے کہاکہ مصباح الحق کی بھی یہ ہی سوچ ہے کہ نئے لڑکوں کو موقع ملنا چاہیے، اس وقت بھی ہماری ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث روف ابھی نئے ہیں جو کھیل رہے ہیں، اگر موجودہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کوئی نیا بلے بازاور بالرمسلسل زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے تو اس کو زمبابوے کے خلاف سیریزمیں موقع دیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز نئے لڑکوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہے۔ ہوم سیریز میں کھیلنا اور پرفارم کرنا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوان سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔ وقاریونس نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے ون ڈے کرکٹ میں واپسی زیادہ مشکل نہیں ہوگی،اس کے لیے اچھی تیاری کرنے کی ضرورت ہوگی۔