بھارت کیخلاف مقابلوں کی قطعی فکر نہ کی جائے،وسیم خان

بھارت کیخلاف مقابلوں کی قطعی فکر نہ کی جائے،وسیم خان

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف مقابلوں کی قطعی فکر نہ کی جائے کیونکہعالمی کرکٹ کی چار بڑی ٹیمیں پاکستان ٹور پر آنے کیلئے تیار ہیں۔غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کے دوران وسیم خان کا کہنا تھا کہ شائقین موجودہ سیاسی ماحول میں بھارت کیخلاف میچز نہ ہونے پر مایوسی کا شکار نہ ہوں کیونکہ پڑوسی ملک اس پر آمادہ نہیں ہوگا اور اب اس معاملے سے آگے بڑھ کر دیکھنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔وسیم خان نے واضح کیا کہ جب تک موجودہ بھارتی حکومت اقتدار میں ہے اس بات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کہ باہمی کرکٹ کا اجراء ممکن ہو سکے کیونکہ بی سی سی آئی کو پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے اجازت نہیں دی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے ملکی شائقین کرکٹ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ نے حالیہ برسوں کے دوران بہت کچھ حاصل کیا جبکہ مزید کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کی جا رہی ہے اور بھارت کیخلاف کھیلنے کی فکر کئے بغیر دیگر ملکوں کی ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کیا جا رہا ہے۔

 اور قوی امید ہے کہ انگلینڈ،آسٹریلیا،جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم سی سی کی پاکستان آمد نے جو راستہ ہموار کیا اس پر چلتے ہوئے چار بڑے ممالک دو ہزار بائیس تک پاکستان آنے پر تیار ہیں جو پی سی بی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور سب سے بڑھ کر یہ بات کہ ملک میں اب سیکیورٹی سے متعلق تصورات تبدیل ہو چکے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -