نیب پیشی ہنگامہ آرائی، رانا ثناء اللہ، محمد صفدر سمیت ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزدی مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر نیب آفس پر حملہ، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمدصفدر سمیت دیگر ملزموں کی عبوری ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کر دی،عدالت نے کیپٹن (ر)صفدر کی بیماری کی بنیاد پر ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی ہے،عدالت نے ملزموں کے وکلاء کو آئندہ سماعت 12 اکتوبر کو حتمی بحث کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزموں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،ملزموں رانا ثنااللہ، سیف الملوک کھوکھر، سابق ڈپٹی مئیر راؤ شہاب الدین، میاں طارق، صلاح الدین عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کیپٹن (ر) محمدصفدر کی حاضری معافی کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی اور موقف اختیار کیا گیا کہ وہ بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، کیپٹن (ر) محمدصفدر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزموں کی حاضری مکمل کرنے کے بعد عبوری ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کر دی۔