حکمران دوسروں کو غدار کہنے کی بجائے ملک سے اپنی وفاداری کا ثبوت دیں: سراج الحق
لاہور (آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ حکمران دوسروں کو غدار کہنے کی بجائے ملک سے اپنی محبت اور وفاداری کا ثبوت دیں۔موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کے ایک دوسرے کو غدار کہنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔سیاسی مخالفین پر غداری کے مقدمات کی مذمت کرتے ہیں۔غداری کو اتنا سستا نہ بنائیں۔ ماضی میں غداری کے الزامات کا نتیجہ سب نے دیکھ لیاہے۔ حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو اس کا بڑا خطرناک نتیجہ نکلے گا۔ وزراء کے زہر آلود بیانات عوام کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔حکومت دو سال میں کوئی عوامی مسئلہ حل نہیں کر سکی۔ عوام کے دکھوں اور پریشانیوں میں اضافہ کرنے والی حکومت صرف باتیں کرنے اور بیانات دینے میں ماہر ہے۔ میڈیا پر پابندیاں اور عدلیہ کو قابو کرنے کی خواہش سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔
سراج الحق
لاہور (پ ر)ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی، خرم نواز گنڈاپور نے جماعت اسلامی کے نائب امیر عبدالغفار عزیز کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم قومی سطح پر ایک متحرک،فعال اور معروف دینی، سیاسی و سماجی شخصیت کے مالک تھے، خرم نواز گنڈاپور نے عبدالغفار عزیز کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی، اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے سراج الحق کو تحریک منہاج القرآن کے 17اکتوبر کو 40ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی، سراج الحق نے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے آنے کی حامی بھرلی۔
تعزیت