صدر ٹرمپ 15اکتوبر کو دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کیلئے تیار 

صدر ٹرمپ 15اکتوبر کو دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کیلئے تیار 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اظہر زمان،بیورو چیف) امریکی صدر ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ 15اکتوبر کو ہونیوالے دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ یہ بیان منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں ان کی انتخابی ٹیم کی طرف سے جاری کیا گیا جہاں وہ کرونا وائرس کے آثار ظاہر ہونے پر قریبی فوجی ہسپتال میں تین راتیں گزار کر سوموار کی شب واپس پہنچے تھے۔ 15اکتوبر کو صدر ٹرمپ کے کرونا ٹیسٹ کے مثبت آجانے کو تقریباً دوہفتے گزر جائیں گے۔ کرونا وائرس کے مریض اس میں مبتلا ہونے کے دس دن بعد تک وائرس کو دوسرے اشخاص تک منتقل کرسکتے ہیں۔ 15اکتوبر کو صدر ٹرمپ مکمل صحتیاب ہوسکتے ہیں یا کم ازکم اس وائرس کو دوسرے افراد تک منتقل نہیں کرسکیں گے۔ صدر ٹرمپ نے خود بھی منگل کے روز ایک ٹویٹر پیغام میں دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کی تصدیق کی ہے جو 15اکتوبر  کو فلوریڈا کی ریاست کے صدر مقام میامی میں ہوگا جہاں وہ ایک مرتبہ پھر ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار سابق نائب صدر جوبائیڈن کا مقابلہ کریں گے۔ ان کے حریف جوبائیڈن نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی حالت بہتر ہو رہی ہے جنہوں نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے جمعرات کو مشی گن میں ایک انتخابی جلسے میں ماسک کے بغیر بے احتیاطی کے ساتھ شرکت کی تھی جہاں سے وہ اس وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔ انہوں نے ایک بیان میں معذرت کی کہ انہوں نے پہلے صدارتی مباحثے میں صدر ٹرمپ کیلئے ”مسخرے“ کا لفظ استعمال کیا تھا۔ صدر ٹرمپ ہسپتال جانے سے پہلے اور بعد میں بھی وائٹ ہاؤس میں پبلک ہیلتھ کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جن میں ماسک کا استعمال بھی شامل ہے۔ اس وقت وائٹ ہاؤس بھوتوں کے مسکن کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں عملے کے متعدد سینئر اور جونیئر ارکان کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور ان کے دفاتر ویران پڑے ہیں۔ صدر ٹرمپ کو جمعہ کے روز کرونا وائرس کے مثبت آنے اور کچھ علامات ظاہر ہونے پر ایک ہیلی کاپر کے ذریعے قریبی ریاست میری لینڈ کے شہر بیتھسڈا میں واقع والٹر ریڈینشنل ملٹری میڈیکل سنٹر میں علاج کیلئے پہنچا دیا گیا تھا۔ وہاں انہیں دو مرتبہ آکسجین کی کمی محسوس ہونے پر دو مرتبہ آکسیجن فراہم کی گئی۔ اگرچہ صدر ٹرمپ کھل کر تسلیم نہیں کرتے لیکن انہیں جو ادویات یا تھراپی فراہم کی گئی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا مرض معمولی نہیں ہے انہیں ”اینٹی باڈی کاک ٹیل“ سٹیرائڈ اور ریمسڈیورجیسی اینٹی وائرل دوا استعمال کرائی گئیں۔ صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک الگ تازہ ٹویٹر پیغام میں اپنی صحت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
ٹرمپ

مزید :

صفحہ اول -