کورونا، کراچی کے 26علاقے ہاٹ سپاٹ قرار، پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی تیار 

کورونا، کراچی کے 26علاقے ہاٹ سپاٹ قرار، پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی ...

کورونا، کراچی کے 26علاقے ہاٹ سپاٹ قرار، پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی تیار 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد،پشاور، کراچی، لاہور (سٹاف رپورٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق جبکہ 467 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 523اور تصدیق شدہ کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 15 ہزار 727 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق وباء کے آغاز سے اب تک صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ 33، سندھ میں ایک لاکھ 38 ہزار 593، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 105، بلوچستان میں 15 ہزار 420، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 857، اسلام آباد میں 16 ہزار 845 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 874 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ دوسری طرف کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث خیبر میڈیکل کالج کو دوہفتوں کیلئے بند کر دیا گیاہے۔ ڈین خیبر میڈیکل کالج نے کالج کی بندش کا حکم نامہ جاری کردیا جس کے مطابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز، محکمہ صحت اور چیئرمین انفیکشن کنٹرول کمیٹی کی مشاورت سے کالج بند کیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق کالج میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ شعبہ فارنزک میڈیسن کی خدمات 24 گھنٹے جاری رہیں گی، اسی طرح شعبہ پیتھالوجی کا عملہ بلڈ بینک اور لیبارٹریز میں موجود رہے گا۔ادھرکراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہر میں کورونا کے ہاٹ سپاٹ کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد اس وقت 2 ہزار 162 تک جاپہنچی ہے، فعال کیسز کے اہل خانہ اور رابطے میں آنیو الے افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ شہر میں اس وقت کوروناکے ہاٹ اسپاٹ میں ضلع وسطی کے 8،ضلع ملیرکے 4، ضلع کورنگی اور ضلع شرقی کے 5،5 علاقے ہاٹ سپاٹ میں شا مل ہیں جبکہ ضلع جنوبی اور غربی میں 2،2 علاقے ہاٹ سپاٹ قرار دیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا وائرس کے مز ید 298 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 170 کا تعلق کراچی سے ہے۔دریں اثناپنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سردیوں میں کورونا کیسزبڑھنے کا خدشہ ہے۔ احتیاط کی ضرورت ہے کیسز بڑھے تو لاک ڈاؤن کریں گے،ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی بنالی ہے،روزانہ 10ہزار کے قریب ٹیسٹ کر رہے ہیں، 12 لاکھ ٹیسٹ کرچکے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -