سوئی گیس اور لیسکو ٹیموں کے چھاپے: 50گھروں پر مشتمل جعلی نیٹ ورک، 35بجلی چور پکڑے گئے
لاہور(خبرنگار) سوئی گیس کمپنی اور لیسکو کی ٹیموں نے چھاپوں کے دوران بڑے پیمانے پر گیس چوری پکڑ لی، مختلف مقامات پر مزاحمت کے دوران پولیس کو بھی طلب کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم طیب فیصل اور چیف انجینئرریاست علی باجو ہ کی ہدایت پر ملتان روڈ پر مرید والا میں چھاپہ مارا تووہاں پر بائی پاس کے ذریعے 50گھروں کا جعلی نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔جی ایم طیب فیصل کے مطابق گیس کمپنی کی ٹیم کارروائی کرنے لگی تو جعلی نیٹ ورک مافیانے سوئی گیس کی ٹیم پر ہلہ بول دیا جس پر پولیس کو طلب کرنا پڑااور پولیس کی مدد سے سوئی گیس کی مین سپلائی لائن سے جعلی طریقے سے ڈالا گیا بائی پاس اکھاڑ لیا گیا اس کے علاوہ 50گھروں کو جعلی طریقے سے سپلائی کی جانے والی غیر قانونی گیس کی سپلائی منقطع کرکے سپلائی لائنوں اور پائپوں کو قبضہ میں لے لیا گیا اور متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروانے کے لیے درخواست درج کر وادی گئی ہے۔اسی طرح چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر ایس ای ناردرن سرکل آصف مجید کی نگرانی میں بجلی چوری کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرکے 35بجلی چور پکڑ لیے گئے۔ ایس ای آصف مجید کے مطابق سب سے زیادہ شاہدرہ او رجیا موسیٰ میں ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ جبکہ دوسرے نمبر ایکسین راوی روڈ فراز سلیم کی نگرانی میں ٹیموں نے کریم پارک، راوی روڈ اور شفیق آباد کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑی۔