ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے سب کو متحد ہونا ہو گا،سعدیہ سہیل

ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے سب کو متحد ہونا ہو گا،سعدیہ سہیل

  

لاہور (پ ر)پاکستان ہماراعزیز وطن ہے اس کی بقاء اور سلامتی کے لیے پورے ملک کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا اور اس ضمن میں شجر کاری کے ذریعے ہم اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی سے تعلق رکھنے والی خواتین رکن اسمبلی جن میں سعدیہ سہیل رانا،سمیرا احمد،ثانیہ کامران اور شہوانہ بشیر شامل ہیں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتما م شجر کاری مہم کے دوران کیا۔اس موقع پر چیئر مین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزنے ممبران اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ممبران پنجاب اسمبلی کی جانب سے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں شجر کاری مہم کی سرپرستی ایک خوش آئند اقدام ہے اور یونیک گروپ ملک کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے اپنی سطح پر کردار ادا کرتا رہے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئر مین پارکس اینڈ ہارٹی کلچر حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد دو پودے لگا کر ملک کو سر سبز اور شاداب بنائے۔سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ پاکستان کو سر سبر بنانے کے لیے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اور اسی سے ملک کا مستقبل روشن ہو سکے گا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سمیرا احمد نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے مثبت اقدام اٹھانے ہوں گے اسی سے آنے والی نسلیں ہمیں یاد رکھیں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی ثانیہ کامران نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا نا گزیر ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی شہوانہ بشیر نے کہا کہ اگر ہر شخص ایک پودا لگائے گا تو وہ وقت دور نہیں جب پورا ملک سر سبز نظر آئے گا۔تقریب میں وائس چیئر مین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز عفیف اشرف صدیقی،ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان،ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری کے علاوہ اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -