اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کا آغاز کراچی سے ہوگا 

  اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کا آغاز کراچی سے ہوگا 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کا آغاز کراچی سے ہونے لگا، مسلم لیگ (ن) نے کراچی میں 12 اکتوبر کو جلسے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے کراچی میں 12 اکتوبر کو جلسے کا اعلان کردیا جبکہ پی ڈی ایم 18 اکتوبر کو کراچی میں حکومت مخالف جلسہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے جلسے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ودیگر قیادت شریک ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے سلسلے میں کراچی ڈویڑن کا اجلاس پارٹی آفس مسلم لیگ ہاوس میں منعقد کیا گیا جس میں کراچی کے تمام عہدیداران و کارکنان کو سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرکے مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔مسلم لیگ ن کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام میں مایوسی پیدا کردی ہے جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کے تحفظات کے بعد کوئٹہ میں جلسہ ملتوی کرتے ہوئے 18 اکتوبر میں کراچی میں جلسے کا اعلان کیا تھا جس کی میزبانی پیپلزپارٹی کرے گی۔پی ڈی ایم 22 نومبر کو پشاور، 25 نومبر کو کوئٹہ، 30 نومبر کو ملتان، 13 دسمبر کو لاہور، 16 دسمبر کو گوجرانوالہ اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -