پنجاب بار کونسل لائسنس کیلئے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر وکلاء کا احتجاج

پنجاب بار کونسل لائسنس کیلئے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر وکلاء کا ...

  

لاہور(نامہ نگار)پنجاب بار کونسل کے لائسنس کے لئے 3400وکلاء کی کامیابی کا ایچ ای سی کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر وکلاء کی بڑی تعداد نے گزشتہ روز جوڈیشل اکیڈمی کے سامنے روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا، کئی گھنٹے احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں احتجاج کرنے والے وکلاء کے ایک وفد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل کو درخواست دی گئی کہ مذکورہ وکلاء کو عارضی طور پر بحال کیا جائے جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے وکلاء کو یقین دہانی کروائی کے قانون کے مطابق اس کا جائزہ لیا جائے گا جس پر وکلاء منتشر ہوگئے،واضح رہے کہ ایچ ای سی نے لاء کی ڈگری حاصل کرنے والے وکلاء کے لئے گیٹ ٹیسٹ میں 50فیصد نمبر لینے لازمی قراردے رکھاہے،جس پر مذکورہ بالاوکلاء پورانہیں اترے، جس پر ان کے لائسنس عارضی طور پر کینسل کردیئے گئے،گزشتہ روز مذکورہ نوجوان وکلاء نے ایچ ای سی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی اورمظاہرین وکلاء نے نتائج میں رعایتی نمبر دینے کا مطالبہ کیاہے،وکلاء نے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پراحتجاج جاری رکھے کا اعلان بھی کیاہے،وکلاء کا کہناہے کہ انہوں نے ایل ایل بی کی ڈگری پاس کر رکھی ہے، ایچ ای سی کے گیٹ پیپر میں 28 غلطیوں کی نشاندہی گی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، ایچ ای سی کی غفلت کی سزا وکلاء کونہیں دی جاسکتی۔

مزید :

علاقائی -