4 جماعت الدعوۃرہنماؤں پر ایک اور مقدمہ میں فرد جرم عائد
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے چار رہنماؤں پر ایک اور مقدمہ میں فرد جرم عائد کر تے ہوئے کیس کی مزیدسماعت 12اکتوبر تک ملتوی کردی حافظ عبدالسلام،پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 40/19کی سماعت ہوئی،گزشتہ روز مذکورہ مقدمہ میں بھی جماعت الدعوہ کے رہنماؤں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے،اب گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے۔ قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 1 میں بھی جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد یحییٰ مجاہدکو پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ عدالت میں جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف درج مختلف مقدمات کے سلسلہ میں شہادتوں کا عمل جاری ہے، حافظ عبدالسلام بن محمد، حافظ عبدالرحمن مکی و دیگر کو پیش کئے جانے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔