نواز شریف کیخلاف مقدمہ کا مدعی پی ٹی آئی کا تنظیمی عہدیدار، کریمنل ریکارڈ یافتہ 

نواز شریف کیخلاف مقدمہ کا مدعی پی ٹی آئی کا تنظیمی عہدیدار، کریمنل ریکارڈ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر) قائدپاکستان مسلم لیگ (ن) سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانیوالا پی ٹی آئی کا تنظیمی عہدیدار اور کرمنل ریکارڈ یافتہ نکلا، بدر رشید خان ہیرا لاہور میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے۔ دوسری طرف بد رشید کیخلاف ایک درجن کے قریب مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا نواز شریف اور لیگی قیادت پر مقدمے کے اندراج سے لاتعلقی کا موقف غلط نکلا، نواشریف کیخلاف غداری کے مقدمے کا مدعی خود کرمنل ریکارڈ یافتہ ہے، بدر رشید پر اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطا بق بدر رشید تحریک انصاف کی جانب سے یوسی چیئرمین کا الیکشن بھی لڑچکا ہے۔دوسری طرف گورنر ہاؤس نے(ن) لیگ کے قائدین کیخلاف مقدمہ کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔ ترجمان گورنر پنجاب کا کہنا ہے بغاوت کے مقدمہ کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، پنجاب بھر سے ہزاروں افراد گورنر پنجاب سے ملاقات کرتے ہیں، ملا قا ت کیلئے آنیوالوں کا تصاویر بنانا معمول کی بات ہے، چودھری سرور سیاست میں وضعداری کے قائل ہیں، مخالفین کیخلاف کسی مقدمہ یا اس کی حوصلہ افزائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس حوالے سے معاملے پر ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ ریاست یا کسی ریاستی ادارے کی جانب سے درج نہیں بلکہ یہ مقدمہ ایک شہری بدر رشید کی درخواست پر درج کیا گیا، ثبوت ملے تو کارروائی ہوگی، انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔خیال رہے لیگی قائد اور مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کی قیادت اور درجنوں سینئر رہنماؤں کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں درج ایف آئی آر میں غداری اور دیگر دفعات لگائی گئی ہے۔
مدعی غداری مقدمہ

مزید :

صفحہ اول -