موسم سرمامیں کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کوروکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں: محمود خان 

موسم سرمامیں کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کوروکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آنے والے موسم سرما میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے تمام تر ضروری پیشگی انتظامات اور اقدامات کوہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کا مؤثر نظام تشکیل دیا جائے اور ان کے استعداد کار کو کسی بھی غیر معمولی صورتحال کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں انسانی جانوں کے ضیاع کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے تمام درکار آلات اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ کورونا ٹیسٹس کی مجموعی استعداد کار کو خاطر خواہ حد تک بڑھایا جائے۔ عوام کی صحت اور ان کی جانوں کے تحفظ کواپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کی صورت میں صوبائی حکومت لوگوں کو اس وباء سے محفوظ بنانے اور انسانی جانوں کے ضیاع کو کم سے کم کرنے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔  وہ منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ صحت کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر، سیکرٹری صحت امتیاز حسین شاہ، سیکرٹری خزانہ عاطف رحمان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور اسپیشل سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال اور اس وباء کے دوبارہ پھیلاؤ کی صورت میں متعلقہ محکموں اور اداروں کی تیاریوں اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات میں ایس او پیز اور دیگر حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے۔ حکومت اور خصوصاً محکمہ صحت کی پیشگی تیاریوں اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے حکام کو صورتحال پر ہم ہ وقت نظر رکھنے اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نجی تعلیمی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے سکولوں میں ایس او پیز اور دیگر حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس وباء کے دوبارہ پھیلاؤ کے خدشات ک پیش نظر محتاط رہیں اور احتیاطی تدابیر پر زیادہ سے زیادہ عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود حکومت اپنی مؤثر حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کورونا کے گزشتہ لہر سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب رہی ہے اور خدانخواستہ اس وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کی صورت میں حکومت صورتحال سے مزید مؤثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب رہے گی۔ 

مزید :

صفحہ اول -