ڈسٹرکٹ ہیلتھ کو لرٹر ہسپتالوں پر 20ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، تیمور جھگڑا 

ڈسٹرکٹ ہیلتھ کو لرٹر ہسپتالوں پر 20ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، تیمور جھگڑا 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتالوں سمیت 22 ہسپتالوں میں صحت سہولیات بڑھانے اور انہیں مریضوں کے لیے مزید فعال بنانے کے لیے 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار مختلف ہسپتالوں کی کارکردگی اور ان میں دستیاب دیگر صحت سہولیات کے جائزے کے لیے منعقدہ ایم ایسز کے وڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیرِ صحت و خزانہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی اس وقت خاص توجہ صحت کے شعبہ پر مرکوز ہے اور عوام کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کا ثبوت اس سال صحت کے شعبہ کے لئے خطیر فنڈز مختص کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 سے 3 برسوں کے دوران صوبے کے 20 اضلاع کے 22 ہسپتالوں پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ جس سے ان ہسپتالوں میں تمام بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی، جدید طبی آلات، عمارات کی تزئین و آرائش اور مزید بلاکس کی تعمیر کی جائی گی۔ اس مقصد کے لیے جامع سروے اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ان ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تیمور جھگڑا کاایم ایسز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اپنے ہسپتالوں میں صحت سہولیات سے متعلق جلد سے جلد تجاویز جمع کرائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مقررہ وقت پر تجاویز جمع نہ کرا سکنے والے ایم ایسز کے خلاف ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ، اسپیشل سیکرٹری صحت ڈاکٹر سید فاروق جمیل، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد اور دیگر حکام نے شرکت کی

مزید :

صفحہ اول -