آل پارٹیز کانفرنس میں نوازشریف کی تقریر پر پاکستانی کیا سوچتے ہیں ؟ گیلپ نے نیا سروے جاری کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں نواز شریف کے خطاب پر پاکستانی عوام تقسیم ہوگئے، گیلپ نے نیا سروے جاری کر دیاہے ۔
گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 33 فیصد افراد نے اے پی سی میں ن لیگ کے قائد کے بیانیے کو سپورٹ کیا جب کہ 39 فیصد نے ان کے بیانیے کی مخالفت کی اور اسے یکسر مستردکردیا۔سروے میں نواز شریف کے وزیراعظم عمران خان پر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے الزام کو 47 فیصد افراد کی تائید ملی جب کہ 41 فیصد نے ان کے الزام کو غلط قرار دیا۔گیلپ پاکستان کا نیا سروے ملک کے 100 اضلاع میں 1500افراد سے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 20 ستمبرکو ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب میں کہا تھا کہ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا سنگین جرم ہے، عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کیا جائے۔