بابراعظم دباؤ ختم کرنے کیلئے کیا نسخہ استعمال کرتے ہیں؟ دلچسپ انکشاف کر دیا

بابراعظم دباؤ ختم کرنے کیلئے کیا نسخہ استعمال کرتے ہیں؟ دلچسپ انکشاف کر دیا
بابراعظم دباؤ ختم کرنے کیلئے کیا نسخہ استعمال کرتے ہیں؟ دلچسپ انکشاف کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بائیو سیکیور ماحول میں رہنے کا عادی ہو چکا ہوں اور جب کبھی دباﺅ کا شکار ہوتا ہوں تو پھ خاموش نہیں بیٹھ سکتا اور اس کے خاتمے کیلئے ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف سے گفتگو شروع کر دیتا ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈکاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباءکے باوجود دنیا بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے اور اس وجہ سے مجھے دورہ انگلینڈ میں پاکستان اور پھر سمرسیٹ کی نمائندگی کے بعد اب ڈومیسٹک کرکٹ میں بائیو سیکیور ببل میں رہنا پڑے گا تاہم میں اب اس ماحول کا عادی ہو چکا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ میری کامیابی کا راز ہمیشہ اپنا قدرتی کھیل کھیلنا ہے لیکن جب دباؤ کا شکار ہوں تو پھر خاموش نہیں بیٹھ سکتا، خود پر سے دباؤ ختم کرنے کیلئے ڈریسنگ میں بیٹھے ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف سے گفتگو شروع کر دیتا ہوں۔ کافی عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹرز سے ملاقات نہیں کی، لیکن اب نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے مرحلے میں سینٹرل پنجاب کی قیادت سنھبالنے آج راولپنڈی روانہ ہو جاﺅں گا۔ 

دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا ہے کہ مشکل سے مشکل کنڈیشنز اور پچ پر سخت پریکٹس کرتا ہوں تاکہ میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکوں، انگلینڈ میں اچھا باؤنس ملتا ہے، جس سے بیٹنگ بہتر ہوئی، زمبابوے کے خلاف بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے کیونکہ زمبابوے کیخلاف سیریز میں کامیابی حاصل کر کے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل مومینٹم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ 

مزید :

کھیل -