نیشنل ٹی 20 کپ میں اب تک سب سے زیادہ رنز کس نے بنائے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری 

نیشنل ٹی 20 کپ میں اب تک سب سے زیادہ رنز کس نے بنائے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست ...
نیشنل ٹی 20 کپ میں اب تک سب سے زیادہ رنز کس نے بنائے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری 
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ ختم ہو گیا ہے اور سنسنی سے بھرپور اس ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے 10 میچوں میں 363 چوکے اور 137 چھکے لگ چکے ہیں جبکہ پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ رواں ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑی اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون کا پہلا مرحلہ ختم ہو گیا ہے اور دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ راولپنڈی کے رہائشی ذیشان ملک 192 رنز بناکر اب تک ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، 23 سالہ اوپنر نے اتوار کو سندھ کے خلاف کھیلے گئے لیگ میچ میں 52 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیل کر ناردرن کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اب تک ٹورنامنٹ کے 4 میچوں میں 2 نصف سنچریاں بنانے والے ذیشان ملک نے کہا کہ رواں سال فرسٹ الیون میں نام آتے ہی انہوں نے اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایونٹ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ بطور کھلاڑی اگر آپ کی نصف سنچری سے ٹیم جیت جائے تو سنچری ادھوری رہ جانا کوئی معنی نہیں رکھتا مگر انہیں امید ہے کہ جس تسلسل سے وہ پرفارمنس دکھا رہے ہیں، وہ اس ایونٹ میں سنچری بنانے کی خواہش پوری کرلیں گے۔ نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ انہیں بیٹنگ کا بہت شوق ہے اور ان کی پسندیدہ شاٹ گیند کو کٹ کرنااور کوور ڈرائیو لگانا ہے، وہ بچپن سے ہی اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے سردھڑ کی بازی لگانے کی کوشش کرتا رہا ہوں اور اب میرا مقصد عمدہ کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنانا ہے۔ 

مزید :

کھیل -