علامہ طاہر اشرفی نے مسلم اُمہ کے مسائل کی حقیقی وجہ بیان کرتے ہوئے حل بھی بتا دیا  

علامہ طاہر اشرفی نے مسلم اُمہ کے مسائل کی حقیقی وجہ بیان کرتے ہوئے حل بھی بتا ...
علامہ طاہر اشرفی نے مسلم اُمہ کے مسائل کی حقیقی وجہ بیان کرتے ہوئے حل بھی بتا دیا  

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسئلہ فلسطین و کشمیر اُمتِ مسلمہ کے بنیادی مسائل ہیں،فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے مسلم ممالک کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں،پاکستان مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ ہے،اسرائیل اور ہندوستان کی غلامی سےنجات کیلئے فلسطینی اور کشمیری بےانتہا قربانیاں دے چکے ہیں ۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل او رمعاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے یورپین مسلم فورم کے زیر اہتمام وحدت امت کانفرنس سے زوم پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ کانفرنس سے مسلم دنیا کے اہم ترین قائدین نے شرکت کی ۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد چاہتا ہے،آج مسلم اُمہ کے مسائل کی وجہ صرف اور صرف مسلم ممالک کے آپس کے اختلافات ہیں،اسلامی تعاون تنظیم کو مزید مضبوط بنانے اور مؤثر بنانے کیلئے مسلم ممالک کو تعاون کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر عملی اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں، الاقصیٰ مسلمانوں کا مقدس ترین مقام ہے،الاقصیٰ میں مسلمانوں کے جانے اور نہ جانے کا فیصلہ اسلامی دنیا کو کرنا ہے،پاکستان اور سعودی عرب کا مؤقف فلسطین کے مسئلہ پر ایک ہے،ہم فلسطینیوں کی مرضی کے مطابق ایک آزاد خود مختار ریاست کا قیام چاہتے ہیں،اسی طرح ہم کشمیریوں کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم قائدین کو آگے آنا چاہیے،مذہبی و سیاسی قائدین کو مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کی ذمہ داری کیلئے مؤثر کمیٹی تشکیل دینی چاہیےتا کہ پوری دنیا پر مسئلہ کشمیر و فلسطین کو عوامی سطح پر بیان کیا جا سکے ۔ کانفرنس میں تیس سے زائد اسلامی و یورپی ممالک کے قائدین نے شرکت کی۔

مزید :

قومی -