اداروں سے تصادم کا کوئی تصورنہیں، غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پررکھتے ہیں:مولانافضل الرحمان

اداروں سے تصادم کا کوئی تصورنہیں، غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پررکھتے ...
 اداروں سے تصادم کا کوئی تصورنہیں، غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پررکھتے ہیں:مولانافضل الرحمان

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جے یو آئی (ف)کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اداروں سے تصادم کا کوئی تصور نہیں، استحکام کے قائل ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے لاہور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں 16اکتوبر کو جلسہ ہو گا، جس کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ آزادی کا کاروان چل پڑا ہے، پی ڈی ایم کی جانب سے پورے ملک میں جلسوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، دو تین جلسوں میں ملک میں تبدیلی کے آثار پیدا ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا ہم استحکام کے قائل ہیں، اداروں سے تصادم کا تاثر غلط ہے۔ مولا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ غداری کا مقدمہ اس نے کیا ہے جو خود غدار ہیں، اس قسم کے ایجنڈے استعمال کرتے ہیں تو کیا آپ انڈین ایجنٹ نہیں بنتے؟ ایسے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، عمران خان کے پسینے چھوٹے ہوئے ہیں، ہم مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد جانا ہماری پلاننگ میں ہے، اسمبلیوں سے استعفے متفقہ آپشن کا حصہ ہے، اس کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا، ن لیگ اور پی پی کی قیادت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سڑکوں پر عوام میں اپنی کمی محسوس نہیں ہونے دیں۔واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کا اعلان کررکھا ہے اور اس حوالے سے پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ہوگا۔مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ بھی ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -