محبت پانے کیلئے ٹاور پر چڑھنے والے ’عاشق‘ پر شہد کی مکھیوں کا حملہ، پھر کیا ہوا؟ ایسی تفصیلات کہ ہنسی نہ رہے
امراوتی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک عاشق کو ٹاور پر چڑھنا مہنگا پڑ گیا۔ محبت پانے کیلئے ٹاور پر چڑھا تو شہد کی مکھیوں نے حملہ کرکے اسے نیچے چھلانگ لگانے پر مجبور کردیا جس کے نتیجے میں نہ صرف وہ نامراد رہا بلکہ اچھا خاصا زخمی بھی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع گوداواری میں روہت نامی نوجوان ’حصولِ محبت‘ کیلئے بطور احتجاج ٹاور پر چڑھ گیا۔ اس نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت وائس ایس آر کانگریس کے بعض رہنما اس کی محبت کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
نوجوان کے ٹاور پر چڑھنے کی خبر سنتے ہی پولیس بھی آگئی اور اس کو سمجھا بجھا کر نیچے اتارنے کی کوشش کی تاہم اس نے کسی کی ایک نہ مانی۔ اسی اثنا میں شہد کی مکھیاں پولیس کی مدد کو پہنچیں اور روہت کو ’عاشقِ نامراد‘ میں بدل دیا۔ شہد کی مکھیوں کا حملہ شدید ہوا تو نوجوان نے جان بچانے کیلئے ٹاور سے نیچے چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ’سوجے‘ اور ’ٹوٹے‘ عاشق کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔