ڈبلیو ڈبلیو ای کی سابق "ٹف انف " فاتح سارہ لی انتقال کر گئیں
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ڈبلیو ڈبلیو ای کی سابق " ٹف انف" فاتح سارہ لی 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں ، انتقال کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی ۔
" دی سن " کے مطابق سارہ لی دو بچوں کی ماں تھیں ، ان کی شادی ڈبلیو ڈبلیو ای کے ہی کھلاری ویسٹن بلیک جن کا اصلی نام کوری ویسٹن ہے ، سے 2017 میں ہوئی تھی ۔ سارہ کی والدہ نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر سارہ کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بوجھل دل سے یہ خبر شیئر کر رہے ہیں کہ ہماری سارہ ویسٹن انتقال کر گئی ہے ۔ ہم سب صدمے میں ہیں اور آخری رسومات کے انتظامات مکمل نہیں کر پا رہے ، آپ سے دعا کی التماس ہے، ہم سب کو دعاؤں کی ضرورت ہے خصوصاً سارہ کے بچوں کو۔
خیال رہے کہ سارہ لی نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریئلٹی ٹی وی شو ٹف انف کے سیزن 16-2015 میں شرکت سے شہرت پائی تھی ۔ شو میں شرکت کرنے والوں کو پیشہ ورانہ ریسلنگ کی تربیت میں حصہ لینا تھا ، سارہ لی اس سیزن کی فاتح تھیں ، جس کے بعد انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیف ٹرپل ایچ سے معاہدہ حاصل کرنے کے بعد ترقیاتی برانڈ این ایکس ٹی میں شمولیت اختیار کی اور پھر کئی لائیو مقابلوں میں حصہ لیا۔