عدالت نے انٹرن شپ پر ٹیچرکو زچگی کی چھٹیاں دینے سے انکار غیر قانونی قرار دے دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور ہائی کورٹ نے انٹرن شپ پر آئی سکول ٹیچرکو زچگی کی چھٹیاں دینے سے انکار کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے ، جسٹس طارق سلیم شیخ نے انٹرن شپ پالیسی 2014 میں زچگی کی چھٹیاں نہ ہونا غیر قانونی قرار دے دیا ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے جونیئر سکول ٹیچر سبین اصغر کی درخواست پر فیصلہ دیا کہ عورت کو حمل کے آخری ایام اور بچے کی پیدائش کے فوری بعد کام پر مجبور کرنا آرٹیکل 11 کی خلاف ورزی ہے،عدالت نے کہا کہ کام کرنے والی خواتین کی محفوظ زچگی کے لیے چھٹیاں ضروری ہیں، جس طرح محفوظ ماں بننا عورت کا بنیادی حق ہے، ایسے ہی چھٹیاں بھی بنیادی حق ہے۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جب ماں بچہ پیدا کرتے ہوئے زندگی کو خطرے میں ڈالتی ہے تو اسے اپنی زندگی اور صحت کے تحفظ کا بھی حق ہے، محفوظ ماں آنے والی صحت مند نسل کے لیے بہت ضروری ہے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے قرار دیا کہ جنس کی بنیاد پر تفریق تب ہوتی ہے جب خواتین کی صحت جیسے زچگی کے دوران دیکھ بھال نظر انداز ہو جائے۔