ٹی ٹی پی کے حملے بڑھنے کا خدشہ, الرٹ جاری

ٹی ٹی پی کے حملے بڑھنے کا خدشہ, الرٹ جاری
ٹی ٹی پی کے حملے بڑھنے کا خدشہ, الرٹ جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ملک میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے حملوں کے بڑھتے  خدشات کے پیش نظر وزارت داخلہ نے ملک گیر الرٹ جاری کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے الرٹ میں حکام کو انتہائی چوکنا رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ جہاں بھی عسکریت پسندوں کی سرگرمی کی اطلاعات ہوں وہاں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک مشنز کیے جائیں۔یہ ہدایات چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز، چیف سیکرٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کو جاری کی گئی ہیں۔ تمام حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی بڑھا دیں اور چوکنا رہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ماہ جاری کیے جانے والے ایک خط میں وزارت داخلہ نے متنبہ کیا تھا کہ ٹی ٹی پی اور حکومتِ پاکستان کے درمیان ایک برس سے زیادہ عرصے سے جاری امن مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ٹی ٹی پی کی صفوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

وزارت داخلہ نے متنبہ کیا کہ یہ کالعدم گروپ یا اس سے الگ ہونے والے دھڑے اپنے کمانڈروں کی ہلاکت کا بدلہ لینے اور امن مذاکرات میں مزید پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے آنے والے روز میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافے کی کوشش کر سکتے ہیں۔