استغفار کرنے کے فوائدجن کا ذکر قرآن مجید میں ہوا 

استغفار کرنے کے فوائدجن کا ذکر قرآن مجید میں ہوا 
استغفار کرنے کے فوائدجن کا ذکر قرآن مجید میں ہوا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اللہ رب العزت نے ہمیں ایک انتہائی خوبصورت دین عطا کیا ہے جس میں ایک معنی خیز زندگی گزارنے کی مکمل گائیڈ لائن دی گئی ہے۔ انسان چونکہ خطا کا پتلا ہے چنانچہ اللہ جل شانہ نے گناہ گاروں کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا رکھا ہے اور مسلمانوں کو قرآن کریم میں بارہا استغفار کرتے رہنے کی تلقین کی ہے۔ 
ویب سائٹ’پڑھ لو‘ کے مطابق اللہ سے استغفار کرنے سے جہاں اللہ ہمارے گناہوں کو معاف کرتا ہے، وہیں اس سے ہمیں اور بھی کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ استغفر اللہ کا ورد کرنے سے جہاں مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ رحم فرماتے ہیں وہیں یہ وظیفہ مسلمانوں کے لیے کثرت مال اور نیک اولادکا وسیلہ بھی بنتا ہے۔ استغفار کرنے سے ہماری دعاؤں کو شرف قبولیت عطا ہوتا ہے۔
 قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ اللہ استغفار کرنے والوں پر رحم کی بارش کرتا ہے اور ان کی طاقت میں اضافہ فرماتا ہے۔اللہ رب العزت قرآن مجید میں ایک جگہ فرماتے ہیں کہ ”اور میں (نوح علیہ السلام) نے (اپنی قوم سے) کہا اپنے رب سے اپنے گناہ بخشواؤ(اور معافی مانگو)۔ وہ یقینا بڑا بخشنے والا ہے۔ وہ تم پر آسمان کو خوب برستا ہوا چھوڑ دے گااور تمہیں خوب پے در پے مال اور اولاد میں ترقی دے گا اور تمہیں باغات دے گا اور تمہارے لیے نہریں نکال دے گا۔“ 
استغفار اللہ کی خوشنودی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ ایک حدیث مبارکہ ہے کہ ”اللہ پاک توبہ کرنے والے بندے سے اس شخص سے بھی زیادہ خوش ہوتے ہیں جس نے اپنا گم شدہ اونٹ پا لیا ہو۔“

مزید :

روشن کرنیں -