ڈیرہ غازی خان میں زور دار ’دھماکے‘ کی آواز سنی گئی، حکام کو ’سونک بوم‘ کا خدشہ

ڈیرہ غازی خان میں زور دار ’دھماکے‘ کی آواز سنی گئی، حکام کو ’سونک بوم‘ کا ...
ڈیرہ غازی خان میں زور دار ’دھماکے‘ کی آواز سنی گئی، حکام کو ’سونک بوم‘ کا خدشہ
سورس: Screengrab

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں جمعے کی دوپہر کو ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی تاہم ضلعی انتظامیہ نے کسی قسم کے دہشت گردی کے واقعے کا تاثر رد کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ یہ ’سونک بوم‘ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے شہریوں میں اس آواز سے افراتفری پھیلی اور صحافیوں کو بتایا کہ شہر سے 25 کلومیٹر دور دھماکے کی آواز سنی گئی ہے، سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی ویڈیوز میں شہریوں کو علاقہ خالی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اسی طرح امدادی ٹیمیں اور پولیس اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے ہیں۔

یہ خبر آتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’ڈیرہ غازی خان‘ اور ’بلاسٹ‘ ٹرینڈ کرنے لگا، بظاہر بھارتی نظر والے ایکس اکاؤنٹ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شکوک ظاہر کیے کہ واقعہ ’پاکستان کے نیوکلیئر ریسرچ سائٹ‘ کے علاقے میں ہوا ہے۔

بعد ازاں ڈیرہ غازی خان کے کمشنر کے ترجمان مظہر شیرانی نے بیان میں تصدیق کی کہ شہر میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں نے تفتیش کے بعد ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ہے۔

مظہر شیرانی کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122، پولیس، حساس اداروں یا عوام کے مطابق دہشت گردی، توڑ پھوڑ، حادثہ یا نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ جنگی جہاز کی آواز آئی ہو لیکن حتمی طور پر اس کی تصدیق ہونا باقی ہے تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی ہے۔

ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ناصر محمود نے الگ سے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ شہر میں دھماکے کی آواز دوپہر کو سنی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیکیورٹی ادارے اور عینی شاہدین نے بم دھماکے یا کسی حادثے کا تاثر رد کردیا ہے اور متعلقہ محکموں نے بھی کہا ہے کہ ڈیرہ غازی یا ملحقہ علاقوں میں میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ آواز ممکنہ طور ’ساؤنڈ بیریئر کی بریکیج‘ کی وجہ سے تھا اور اس طرح کے واقعات عام طور پر پیش آتے ہیں۔

سونک بوم کسی چیز کے تیز رفتار انداز میں اڑنے، موسمیاتی کی تبدیلی یا دیگر وجوہات کے باعث آنے والی آواز کو کہا جاتا ہے جو زور دار ہوتی ہے لیکن عام شہریوں کو اس کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے۔